Official Website

عاطف اسلم کا لتا منگیشکر کو جذباتی انداز سے خراج عقیدت

69

پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے  بھارت کی آنجہانی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کو خراج تحسین پیش کیا، جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی ہے۔

دو روز قبل دبئی میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران عاطف اسلم نے لتا منگیشکر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لتا منگیشکر ہمارے درمیان نہیں مگر میں نے اُن کے گانوں کے ساتھ زندگی گزاری، میں کبھی لتا سے ملا نہیں مگر میں نے اُن کے میوزک کو جیا ہے۔

اسی کے ساتھ عاطف اسلم نے لتا منگیشکر سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ’ایک پیار کا نغمہ ہے‘ گانے کے چند بول گن گنائے، اس دوران اسٹیج پر نصب اسکرین پر آنجہانی گلوکارہ کی تصویر آویزاں تھی جب کہ حاضرین محفل بھی اس لمحے سے خوب محظوظ ہورہے تھے۔

اس دوران سب سے مسحور کن یا جذباتی لمحہ وہ تھا جب عاطف اسلم نے اسکرین پر لتا کی تصویر کی طرف ہاتھ اٹھاتے ہوئے گانے کے بول ’زندگی اور کچھ بھی نہیں، تیری میری کہانی ہے‘ گائے۔

واضح رہے کہ بھارت سے تعلق رکھنے والی لیجنڈری گلوکارہ 6 فروری کو علالت کے باعث دارِ فانی سے کوچ کرگئیں تھیں، اُن کے انتقال پر پاکستان اور بھارت سے تعلق رکھنے والوں سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے سانحہ قرار دیا تھا۔