Official Website

بلاول 3 سال کا حساب ضرور لیں، ہم 15 سال کا حساب مانگنے آئے ہیں: شاہ محمود

35

کندھ کوٹ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ حقوق مارچ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے اگر کچھ ہوا تو حالات کی ذمہ دار خود انتظامیہ ہوگی۔

کندھ کوٹ پہنچنے پر سندھ حقوق مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ کے ایک وزیر نے عمران خان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے، شیطانی ذہنیت آپ کی ہو سکتی ہے عمران خان کی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیطان وہ ہے جو خزانہ لوٹتا اور غریبوں پر ظلم کرتا ہے، جس عمران خان کو میں جانتا ہوں وہ باکردار انسان ہے۔ اس کے ساتھ ہی شاہ محمود قریشی نے بلاول حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ کو صوبے میں پندرہ سالہ اقتدار کا حساب دینا ہوگا، پیپلزپارٹی نے اقتدار میں رہنے کے باوجود صوبے کے لیے کچھ نہیں کیا، یہاں کا تعلیمی اورصحت کا نظام تباہ حال ہے

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دس سال قبل میں نے تھرپارکر سے الیکشن لڑا جہاں سے جیتا لیکن دھاندلی سے مجھے ہرایا گیا، 15 دن سے الیکشن کمیشن سے نتیجہ مانگتا رہا لیکن ہار کا نتیجہ نہیں دیا گیا، ارباب غلام رحیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے کندھ کوٹ کو ضلع کا درجہ دیا تھا۔

قبل ازیں شکار پور پہنچنے پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو نفرت کی سیاست کو ہوا دی گئی، سندھ دھرتی ہزاروں سال پرانی ہے لیکن سندھ پر زرب لگائے گئے، ذوالفقار علی بھٹو سندھ باکردار بیٹا تھا، بینظیر بھٹو کی پارٹی بھٹو کے ہاتھوں سے نکل کر زرداری کی گرفت میں آچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں پنجاب میں تبدیلی آئی آج دیکھ رہا ہوں 2023 میں سندھ میں تبدیلی کا سال ہے۔ شاہ محمود قریشی نے خبردار کیا کہ لاڑکانہ انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور ہمارے قافلے کے درمیان رکاوٹ نہ ڈالے، اگر کچھ ہوا تو حالات کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ آغا تیمور خان کے دادا نے پاکستان کی تحریک میں حصہ ڈال کر تاریخ رقم کی، آج سندھ ایک تاریخ رقم کرنے جارہا ہے ، تبدیلی آپ کی منتظر ہیں آئیں سندھ کی سیاسی تاریخ بدلنے میں کردار ادا کریں۔

’عوام کو زرداری مافیا سے خوفزدہ نہیں ہونا‘

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے زرداری مافیا کے سامنے ڈرنا نہیں ہے اور اُن سے سوال کرنا ہے کہ سینماکی ٹکٹیں فروخت کرنے والا شخص اربوں پتی کیسے بن گیا، سندھ میں ڈاکوراج ہے اور یہاں کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز گھوٹکی سے چلنے والا پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ کا قافلہ آج کندھ کوٹ پہنچے گا، جہاں گولیمار اسٹیڈیم میں جلسے کا اہتمام کیا جائے گا، جلسے سے پی ٹی آئی سینئیر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، وفاقی وزیر علی زیدی ، سابقہ وزیر اعلی ارباب رحیم و دیگر پی ٹی آئی رہنما خطاب کریں گے۔