Official Website

وزیراعظم کے اعلان کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری

59

سلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق پٹرول اور ڈیزل میں 10، 10 روپے ، لائٹ ڈیزل 5 روپے 66 پیسے اور مٹی کا تیل ایک روپیہ فی لٹر سستا ہوگیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول 10 روپے فی لٹر سستا کیا گیا ہے اور پٹرول کی قیمت 149 روپے 86 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 10 روپے فی لٹر سستا ہوگیا اور نئی 144 روپے 15 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے فی لٹر کمی کی گئی جس کے بعد نئی قیمت 125 روپے 56 پیسے فی ہوگئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 66 پیسےفی لٹر کمی کردی گئی جس کے بعد نئی قیمت 118 روپے 31 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق شروع ہو چکا ہے۔

وزیراعظم کا پٹرول 10 روپے فی لیٹر اور بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے پٹرول اور بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول، ڈیزل کی قیمت 10 روپے فی لیٹر اور 5 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت کم کررہے ہیں، یونٹ کم کرنے سے 20 فیصد بل کم آئیں گے، اگلے بجٹ تک پٹرول اور بجلی کی قیمت میں اضافہ نہیں کریں گے۔

قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران پوری دنیا میں قیمتیں اوپرگئیں، یوکرین جنگ کی وجہ سے مجھے خوف ہے ابھی قیمتیں نیچے نہیں آئیں گی، روس سے گیس آتی ہے اور گیس کی قیمتیں بھی اوپرچلی جائیں گی، ہم نے فیصلہ کیا ہے پٹرول، ڈیزل کا بڑا مسئلہ ہے، پاکستان میں آج بھی پٹرول، ڈیزل دنیا کے 25 ممالک کی نسبت کم قیمت ہے، اپوزیشن والے کہتے ہیں پٹرول مہنگا ہوگیا اگر ان کے پاس کوئی حل ہے تو بتا دیں، بھارت میں 260 روپے لیٹر پٹرول ہے، ہرماہ 70 ارب کی حکومت سبسڈی دیتی ہے، اگر ہم سبسڈی نہ دیں تو پٹرول کی قیمت 220 روپے تک ہو جائے گی، میرے پاس اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی مہنگی کرنے کی سمری بھیجی تھی۔