Official Website

پیپلز پارٹی لانگ مارچ ، قافلےلاہورپہنچ گئے، ناصر باغ میں جلسے کی تیاریاں مکمل

72

لاہور:  پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ لاہور پہنچ گیا، بلاول بھٹو زرداری دوپہر 2 بجے ناصر باغ میں جلسے سے خطاب کریں گے۔

پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے آٹھویں روز قافلے لاہورپہنچ گئے ہیں، شرکا کیلئے ٹینٹ سٹی قائم کر دیا گیا۔ شہر بھر میں پارٹی پرچموں کی بہار ہے، ناصر باغ میں دوپہر دو بجے جلسہ شروع ہوگا، بلاول بھٹو کے خطاب کے بعد جی ٹی روڈ سے اسلام آباد روانگی شیڈول ہے۔

جلسے سے قبل جیالوں کے لیے پیپلز پارٹی لاہور انتظامیہ کی جانب سے ناشتے کا انتظام کیا گیا جس میں پوری، حلوہ اور پٹھوروں سے تواضع کی گئی، جیالے لاہوری ناشتے سے بھرپور لطف اندوز ہوتے رہے۔ 

بلاول بھٹو زرداری جلسے سے قبل جوہر ٹاؤن لاہور میں واقع ندیم افضل چن کی رہائش گاہ پہنچیں گے جہاں ندیم افضل پیپلزپاٹی میں دوبارہ شمولیت  کا اعلان کریں گے۔ بلاول بھٹو ناصر باغ جلسے سے خطاب کے بعد عوامی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اپنی اگلی منزلوں کی جانب روانہ ہوں گے،ان کی دوسری تقریر مریدکے جبکہ تیسرا خطاب گوجرانوالہ کے شیرانوالہ باغ میں ہوگا، بلاول بھٹو کی حتمی منزل آج وزیرآباد ہوگی۔

لاہور میں پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کا سفر چالیس کلو میٹر پر محیط ہے، لاہور پولیس لانگ مارچ کو بحریہ ٹاون سے امامیہ کالونی تک سیکورٹی مہیا کرے گی ۔شہر میں لانگ مارچ کے شرکا کے لیے آٹھ مقامات پر ویلکم کیمپ لگائے گئے ہیں ۔ ناصر باغ پر بارہ سو پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ لانگ مارچ کے روٹ پر چودہ سو اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اونچی عمارتوں پر 335 روف ٹاپ اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ لانگ مارچ پر ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز سمیت سات ایس پیز ، سولہ ڈی ایس پیز اور 38 ایس ایچ اوز بھی تعینات رہیں گے۔