Official Website

روپیہ مزید تنزلی کا شکار، سٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی، اربوں کا نقصان

46

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تیزی سے تنزلی آنے لگی، جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست مندی ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 63 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 177 روپے 50 پیسے سے بڑھ کر 178 روپے 13 پیسے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی سیاسی صورتحال، روس یوکرین جنگ کے باعث عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کے باعث زبردست مندی ریکارڈ کی گئی۔ 100 انڈیکس میں 1284.38 کی بڑی تنزلی دیکھی گئی۔

ٹریڈنگ کے دوران بڑی مندی کے باعث انڈیکس 43266.97 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، اور پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 2.88 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی جبکہ 10 کروڑ 48 لاکھ 42 ہزار 757 شیئرز کا لین دین ہوا۔ مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 180 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑ گیا۔