Official Website

روس یوکرین جنگ کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونےکی قیمت کو پر لگ گئے

86

روس اور یوکرین کی جنگ کے باعث عالمی سطح پر سونےکی مانگ میں اضافہ ہوا ہے اور عالمی صرافہ میں سونےکی فی اونس قیمت 2 ہزار ڈالر سے تجاوز کرگئی۔

سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں بھی سونےکی فی تولہ قیمت میں 600 روپے اضافہ ہوا ہے اور ایک تولہ سونا 1 لاکھ 30 ہزار روپےکا ہوگیا ہے۔

10گرام سونےکی قیمت 515 روپے اضافےکے بعد ایک لاکھ 11 ہزار 454 روپے ہوگئی ہے۔

عالمی صرافہ میں ٹریڈنگ کے دوران  آج 7 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا اور سونےکی فی اونس قیمت28 ڈالرکے اضافےکے بعد 2 ہزار ایک ڈالر اور 63 سینٹ  تک پہنچ گئی۔

عالمی جریدے بلوم برگ کے مطابق سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان امریکا کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں امریکی حکومت نے عندیہ دیا ہےکہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بدلے میں روسی تیل کی برآمدات پر پابندی لگائی جاسکتی ہے۔

فوٹو:goldprice.org

ماہرین کے مطابق جنگ میں اضافےکے باعث عالمی معیشت پر بدترین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں جس سے سونےکی مانگ میں مزید تیزی آنےکا امکان ہے تاہم سرمایہ داروں کو اس بات کے لیے بھی تیار رہنا چاہیےکہ اگر جنگ سے متعلق مفروضے اور اندازے غلط ثابت ہوئے تو سونے کی قدر میں کمی بھی آسکتی ہے۔