Official Website

عمران خان کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ مکافات عمل کے سوا کچھ نہیں، مریم نواز

26

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ مکافات عمل کے سوا کچھ نہیں۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ کل کیا ہوگا یہ صرف اللّہ تعالی کی ذات جانتی ہے لیکن عمران خان کے ساتھ جو بھی ہو رہا ہے وہ مکافات عمل کے سوا کچھ نہیں، کرسی اور طاقت کا غلط استعمال اور اس کو دائمی سمجھ لینے والے کا انجام ایسا ہی ہوتا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، اور حکومت بھی آنی جانی شے ہے، تکبر اور ظلم انسان کے آگے آتا ہے۔  نوازشریف پر شاید ذاتی اور سیاسی زندگی کا مشکل ترین وقت تھا، ایسے بدترین حالات کے باوجود نوازشریف کا کوئی ساتھی انہیں چھوڑ کر نہیں گیا، نوازشریف  نے اپنے مخالف اور دشمن کو بھی عزت دی، صبر اور تہذیب کا دامن نہیں چھوڑا، طاقت کا رعب نہیں جمایا، دھمکیاں نہیں دیں، تمسخر نہیں اڑایا، کرسی جاتی دیکھ کر میں چھوڑوں گا نہیں جیسی بازاری زبان استعمال نہیں کی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کو دیکھ کر عبرت ہوتی ہے، تکبر اور گھمنڈ کا پہاڑ آج جب ان لوگوں کے در پر حاضری دے رہا ہے جن سے ہاتھ ملانے کو وہ اپنی توہین سمجھتا تھا، تو زندگی اور سیاست کے طالبعلم سوچنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، 4 سال عوام کی طرف سے مجرمانہ بے حسی اور غفلت برتنے والے، مہنگائی اور نااہلی سے ان کی زندگیاں تباہ کرنے والے کو آج اچانک جلسوں میں روتا دھوتا دیکھ کر جھرجھری آتی ہے، ریاستی طاقت استعمال کرکے دوسری جماعتوں کو توڑنے کی کوششش کرنے والے کا ایک ایک لمحہ اب اراکین کی منتیں کرنے میں صرف ہو رہا ہے اور ابھی حکومت بھی اس کی ہے،  یہ سب مکافات عمل نہیں تو اور کیا ہے؟ انسان کو انسان نا سمجھنے والے کا یہی انجام ہے،  مجھ سمیت سیاست اور زندگی کے طالب علم ضرور غور کریں۔