
دھمکیاں مت دیں، ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، مولانا فضل الرحمان
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےکہا ہےکہ تہمت سے سیاست نہیں کی جاتی، حقائق سامنے لائیں۔
وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک کی جے یو آئی میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کو جواب دیتے ہوئےکہا کہ دھمکیاں مت دیں، ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگ بھی عدم اعتماد میں ہمارے ساتھ ہوں گے، وقت گزرچکا ہے آپ بے نقاب ہوچکے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ پر فیصلے میں کیوں تاخیر کر رہا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی رویوں سے بات کرتے ہیں، تہمت لگاکر سیاست نہیں کی جاتی۔
انہوں نےکہا کہ مقابلہ کرنا ہے تو میدان میں آؤ، میرے کردار سے اپنے کردار ، میرے والد کے کردار سے اپنے والد کے کردار کا مقابلہ کرو، پاکستانی قوم تمہیں پہچان چکی ہے۔