Official Website

بجلی اورگھی کی قیمتوں میں اضافے سے ریلیف کا پول کھل گیا، شہباز شریف

44

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بجلی اورگھی کی قیمتوں میں اضافے کو  یوٹرن قرار دیتے ہوئےکہا ہےکہ  بجٹ تک قیمتیں نہ بڑھانےکا بیان دھوکا ثابت ہوا ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں عوام پر58  ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنا ظلم ہے، حقائق بتا رہے ہیں کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔

 شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی6 روپے فی یونٹ مہنگی کرناغیرملکی سازش ہے، جوپی ٹی آئی حکومت نےکی، یہ ہے وہ ظلم ہے جسے روکنے کے لیے تحریک عدم اعتماد لائے ہیں، جھوٹی حکومت سے نجات ہی قوم کو مہنگائی کے ظلم سے نجات دلائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کو پاکستان کے معاشی مفادات کے ہاتھ کاٹ کر دے دیے، بجلی اورگھی کی قیمتوں میں اضافے سے ریلیف کا پول کھل چکا ہے،گزشتہ ماہ خوردنی تیل 75 روپے فی لیٹر مہنگاکیا جاچکا ہے،گھی کی فی کلو قیمت میں 66 روپے تک اضافہ پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔

انہوں نےکہا کہ  حقائق بتارہے ہیں کہ حکومت فیل ہوچکی ہے، حکومت پاکستان کو فیل اور  معاشی دیوالیہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔