
دنیا کے خوش ترین ممالک کی فہرست؛ پاکستان نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا
جنیوا: فن لینڈ نے مسلسل پانچویں بار دنیا کے خوش ترین ملک کا اعزاز حاصل کرلیا جب کہ اس دوڑ میں پاکستان، بھارت پر سبقت لے گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی دنیا کے سب سے خوش ترین ممالک کی فہرست میں اس سال بھی فن لینڈ پہلے نمبر پر ہے جب کہ افغانستان سب سے آخری نمبر پر ہے۔
ڈنمارک، آئس لینڈ سوئٹزرلینڈ اور ہالینڈ بالتریب دوم سے پانچویں نمبر پر ہیں۔ اس سال سربیا، بلغاریہ اور رومانیہ نے بھی اپنا درجہ بلند کیا ہے تاہم لبنان معاشی بدحالی کے باعث خوش ترین ممالک کی فہرست میں افغانستان سے ایک نمبر پہلے یعنی 145 پر آگیا۔
نام نہاد بڑی اور طاقتور عالمی قوتیں اس فہرست کے پہلے دس نمبر پر بھی جگہ بنانے میں کامیاب نہیں رہیں۔ آسٹریلیا 12، جرمنی 14، کینیڈا 15، امریکا 16 ، برطانیہ 17 اور فرانس 20 ویں نمبر پر ہے۔
فہرست میں پاکستان کا نمبر ہے 103 جب کہ بھارت کہیں پیچھے 136 ویں نمبر پر ہے۔ اس طرح پاکستان نے بھارت کو خوش ترین ممالک میں پیچھے چھوڑ دیا۔ دیگر ایشیائی ممالک میں بنگلادیش 99 ویں نمبر پر ہے۔